
اسلام آباد: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر بھی گہری تشویش ہے۔
Pakistan is deeply concerned by the escalating hostility in the Middle East and the loss of innocent lives. We stand in solidarity with Palestinians and call for an immediate end to the violence and oppression by Israeli occupation forces. A viable and sovereign State
— Jalil Abbas Jilani (@JalilJilani) October 8, 2023
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں، اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل اور خودمختار ریاست فلسطین کا قیام ضروری ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے، شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے فوری مداخلت کرے۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے فلسطین و اسرائیل کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صوتحال پر پاکستان کو تشویش ہے، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر گہری نظر ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قیمتی جانوں کے ضیاع پر تشویش ہے، پاکستان بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ اور او آئی سی کے مطابق مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کا خواہ ہے، مسئلہ فلسطین کے حل کے ساتھ ہی مشرق وسطیٰ کا امن جڑا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا تھا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خود مختار اور آزاد ریاست قائم کی جائے جس کا درالحکومت القدس شریف ہو، شہریوں کے تحفظ اور مشرقی وسطیٰ میں دیرپا امن کے لئے عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کے مسئلہ کو فوری حل کرنے کی ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے دل افسردہ ہے، ہم شہریوں کے تحفظ پر زور دیتے ہیں۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن دو ریاستوں کے حل میں مضمر ہے، جس میں ایک خود مختار ریاست فلسطین ہے جس کے دل میں القدس شریف ہے۔
بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی فلسطین اور اسرائیل میں بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے۔
صدر مملکت نے بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فریقین کو لڑائی مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے کام کرے، 70 سال میں بہت ظلم ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس کی جانب سے اسرائیل پر 5 ہزار سے زائد راکٹ فائر کیے گئے ہیں جن میں متعدد اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News