
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت پیر تک ملتوی
اسلام آباد: وزارت داخلہ اور اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی پیشی کو سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے ان کو آج الیکشن کمیشن میں پیش کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل شعیب شاہین جبکہ فواد چوہدری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
اس کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب اور وزارت داخلہ کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور وزارت داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کرنے کا مطالبہ کردیا اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پیش نہیں کیا جا سکتا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی توہین آج ہوئی ہے، تمام ریاست چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہے، آپ توہین الیکشن کمیشن کا ان سے پوچھیں آپ کے قد کاٹھ میں اضافہ ہوگا۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے استفسار کیا کہ پہلے چیئرمین پی ٹی آئی کو بلاتے رہے وہ نہیں آتے، چیئرمین پی ٹی آئی کیوں نہیں آئے؟
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں وہ خود بھی اظہار کر چکے ہیں، انکا اپنا بیان ہے کہ انکی جان کو خطرہ ہے۔
اسد خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اگر کچھ ہوا تو انارکی پھیل سکتی ہے، عام عوام اور چیئرمین پی ٹی آئی میں فرق ہے، اڈیالہ جیل سے یہاں لانے تک راستے میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، الیکشن کمیشن چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ دو ماہ بعد الیکشن ہورہے ہیں آپ ایک آدمی کو سیکیورٹی نہیں سکتے، پورے ملک میں الیکشن کے دوران کیسے سیکیورٹی ممکن بنائیں گے۔
اے آئی جی آپریشنز پنجاب نے پی ٹی آئی چیئرمین سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی اور وزارت داخلہ نے تجویز دی کہ الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سے آپ لکھوا کر لے آئیں کہ میں معذرت کرتا ہوں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزارت داخلہ اور پولیس کی طرف سے بھی یہی خط موصول ہوا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پیش نہیں کر سکتے، پولیس، وزارت داخلہ رپورٹ کے مطابق تھریٹ الرٹ آئے ہیں، اڈیالہ جیل کے حوالے سے بھی تھریٹ الرٹ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن نہیں لا سکتے، وزارت داخلہ کہہ رہی ہے کہ الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل جا کر سماعت کرے، الیکشن کمیشن کو تو خود سیکیورٹی خدشات ہے، الیکشن کمیشن چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کیلئے وزارت داخلہ کو پیرا ملٹری فورسز کی فراہمی کا حکم دے سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے اپنے موقف میں کہا کہ میں پہلے بھی پیش ہوتا رہا ہوں آج بھی حاضر ہوں، میں دوبارہ الیکشن کمیشن میں معافی نامہ دینا چاہتا ہوں، میں تحریری معافی نامہ دے دیتا ہوں۔
توہین الیکشن کمیشن کیس سے متعلق اسد عمر نے موقف اختیار کیا کہ میرے وکیل انور منصور آج کراچی میں مصروف ہیں، اس ہی کیس سے متعلق آج سماعت ہے، میری مجموعی شہرت ہے کہ کوئی یقین ہی نہیں کرے گا کہ اسد عمر نے توہین آمیز بات کی۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ فواد چوہدری نے تو کہا تھا کہ انکی پارٹی لائن تھی، اس لائن پر تو یہ اب خود نہیں رہے، لائن ڈھونڈی بھی ہے کہ نہیں، اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہم تو خود وہ لائن ڈھونڈ رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی۔
20 اکتوبر 2023 کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے کیس میں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے تھے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 24 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے وارنٹ بھی جاری کیے تھے اور انہیں 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News