
فلسطین امداد بھجوانے پر پاکستان کا مشکور
فلسطینی وزیر خارجہ نے امداد بھجوانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا فلسطینی ہم منصب سے رابطہ ہوا ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی سے ٹیلی فون پر بات کر کے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی وزیر خارجہ کو بتایا کہ فلسطینی اسرائیل کی اس بربریت میں تنہا نہیں ہے، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی وزیر خارجہ نے امداد بھجوانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
پاک فوج نے فلسطینی عوام کیلئے امداد کی دوسری کھیپ روانہ کردی
پاک فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے غزہ کیلئے امداد کی دوسری کھیپ اسلام آباد سے براستہ مصر روانہ کردی ہے۔
دوسری کھیپ 89.6 ٹن پر مشتمل ہے جس میں حکومت پاکستان کی جانب سے 40 ٹن فوڈ پیک جبکہ 3 ٹن فوڈ بیگز، 10.8 ٹن ادویات، 26 ٹن حفظان صحت اور پاکستان میں این جی اوز کے تعاون سے بچوں کی کٹس شامل ہیں۔
یہ امدادی سامان سپیشل چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے الائرش مصر بھیجا جارہا ہے،امدادی سامان کی یہ کھیپ مصر کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کیا جائے گا جو مصر سے سامان غزہ روانہ کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کیلئے موسم سرما کیلئے ایک ہزار خیمے، چار ہزار کمبل اور تین ٹن ادویات بھیج چکا ہے۔
پاکستان کی جانب سے روانہ کی گئی دوسری کھیپ کا مقصد متاثرین غزہ کو مزید ریلیف فراہم کرنا ہے،پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
فلسطینیوں کیلئے 90 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے، نگران وزیر خارجہ
غزہ میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لئے انسانی امداد کی دوسری کھیپ آج بھیجی گئی جبکہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کھیپ لے جانے والے خصوصی طیارے کو روانہ کیا۔
اس سے بعد نگران وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھجوایا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے 90 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جارہا ہے، فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والی شہادتوں پر رنجیدہ ہیں، خواہش ہے فلسطین کے عوام کو ان کا حق جلد ملے۔
جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ فلسطینی بہن بھائی کئی برس سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، ایک ماہ سے غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی ہوئی ہے۔
چند روز قبل پاکستان کا بڑا اقدام سامنے آیا تھا حکومت نے فلسطینیوں کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر امداد غزہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں اندھا دھند اسرائیلی جارحیت اور محاصرے کے تناظر میں، گنجان آباد غزہ کے پہلے سے مظلوم عوام کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر امدادی امداد غزہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا تھاکہ حکومت فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی، اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں، حکومت مصر اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ ہم آہنگی کر رہی ہے تاکہ ترسیل کے طریقوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
دریں اثناء حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی میں 9770 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے غزہ کو بچوں کو قبرستان قرار دیا ہے جہاں ہر 15 منٹ میں ایک بچہ شہید ہورہا ہے اور ہر ایک گھنٹے میں 420 بچے شہید یا زخمی ہورہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی تمام اہم ایجنسیوں کے سربراہان نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں غزہ میں شہریوں کی شہادتوں پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے سربراہان نے کہا کہ تقریباً ایک ماہ سے دنیا اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں بگڑتی صورتحال کو ہولناک شکل اختیار کرتے دیکھ رہی ہے جس میں ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے۔
بعدازاں ہالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے بھی امریکی صدر کو خط لکھ کر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News