
شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے ملاقات کیلئے شرط رکھ دی
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لئے شرط رکھ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قائم کردہ کمیٹی کا ناراض رہنماؤں کو منانے کا مشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیئر لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے پارٹی قیادت سے تحفظات بڑھ گئے، انہوں نے ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لئے شرط رکھ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کے لئے نواز شریف کی براہِ راست دعوت کی شرط رکھی ہے، تاہم شاہد خاقان عباسی برابری کی سطح پر پارٹی قائد سے بات چیت کے خواہاں ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ناراض رہنماؤں نے نواز شریف کی قائم کردہ کمیٹی سے بھی ملاقات نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے خیبر پختونخوا اور سندھ کے پارٹی رہنماؤں میں اختلافات کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں صوبوں کے رہنماؤں کے آپس میں اختلافات فوری ختم کرنے کی ہدایت دے دی اور دونوں صوبوں کے اپنے دورے پارٹی رہنماؤں کے اختلافات ختم کرانے سے مشروط کر دیے۔
نواز شریف نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے مکمل متحد نہ ہونے تک دونوں صوبوں کے دورے نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور دونوں صوبوں میں ناراض رہنماؤں کو دوسری جماعتوں میں شامل ہونے سے روکنے کی بھی ہدایت دی۔
قائد نواز شریف نے سندھ کے صوبائی صدر بشیر میمن کو پارٹی رہنماؤں میں اختلافات ختم کروانے کا ٹاسک سونپا جس کے بعد انہوں نے کسی بھی وجہ سے ناراض پارٹی رہنماؤں کو منانے کے لئے ملاقاتیں بھی شروع کر دیں۔
اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پارٹی رہنماؤں کے اختلافات ختم کروانے کی ذمہ داری کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو دی گئی جس کے بعد انہوں نے بھی ناراض پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا۔
کیپٹن (ر) صفدر صوبہ خیبر پختونخوا کے الیکٹیبلز کی پارٹی میں شمولیت کے لئے بھی متحرک ہیں جبکہ انہوں نے صوبہ خیبرپختونخوا کے سیاسی خاندانوں سے ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف کے دورہ کے پی کے میں بڑے سیاسی خاندان ن لیگ میں شمولیت اختیار کریں گے۔
اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News