
شمالی وزیرستان؛ سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ،2 جوان شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں 2 سپاہی شہید ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید لانس نائیک احسان بادشاہ کی عمر 33 سال اور ان کا تعلق کرک سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رزمک میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی شمالی وزیرِ ستان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مزمت
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے رزمک، شمالی وزیرِ ستان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور دو جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور شہید لانس نائیک ساجد حسین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کی بلندیِ درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک کی بقاء کی خاطر قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔
سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کی شمالی وزیرِستان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مزمت
سابق صدر صدرمملکت آصف علی زرداری نے فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی شمالی وزیرِستان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مزمت
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بزدلانہ حملے میں لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین کی شہادت پر انتہائی دکھ ہوا، ان شہداء کی قربانیاں قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے ہمارے عزم کو مضبوط تر کرتی ہیں، ہم دھرتی کے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اس لعنت کے خلاف جنگ میں اپنی جان کی عظیم قربانیاں پیش کر رہے ہیں، سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News