
لاہور: اسموگ کی ابتر صورتحال کے پیش نظر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب نے ایکشن لے لیتے ہوئے اسموگ سے بچاؤ کیلئے متاثرہ اضلاع میں نقل و حمل محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کے تمام اضلاع پر پابندیاں لاگو ہوں گی جبکہ جمعے اور ہفتے کے روز بازار دن تین بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں ہفتے کے روز تین بجے کے بعد دفاتر کھولے جا سکیں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ اضلاع کے انتظامیہ کو اسمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں اور کہا کہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ جیسی خطرناک آفت کا مقابلہ مل کر کرنا ہو گا، لوگوں کو آلودگی سے پھیلنے والی بیماریوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، تاہم شہری غیر معمولی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسموگ کے باعث جمعہ اور ہفتہ کو اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے 10 ہزار طلباء کو الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم مارکیٹوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے حق میں نہیں، جمعہ اور ہفتے کو مارکیٹیں دوپہر 3 بجے کھلیں گی جبکہ اتوار کے روز مارکیٹس مکمل طور پر بند رہیں گی۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں ریستوران بھی جمعے اور ہفتے کو 3 بجے کے بعد کھلیں گے، اتوار کے روز مال روڈ صبح سے شام 5 بجے تک سائیکل والوں کیلئے کھلا ہو گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اسموگ پر قابو پانے کیلئے مصنوعی بارش کیلئے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں، لاہور میں انسداد اسموگ کیلئے اسموگ ٹاورز لگائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے فضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو گلے کی خرابی، نزلہ زکام اور کھانسی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News