
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلیت سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل شعیب شاہین، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری آج بھی پیش نہ ہوسکے۔
ممبر نثار درانی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے رپورٹ دی ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا جاسکتا، وزارت داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کی سفارش کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ ہمیں وزارت داخلہ کی رپورٹ کی کاپی نہیں دی گئی، اگر رپورٹ خفیہ نہیں تو ہمیں بھی دی جائے، رپورٹ کی کاپی ملے گی تو ہم کیس کی تیاری کرسکیں گے، درخواست دینے کے باوجود الیکشن کمیشن نے رپورٹ شیئر نہیں کی، جس پر ممبر نثار درانی نے کہا کہ ہم آپ کو رپورٹ کاپی دے دیتے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ اس کیس کے بارے میں عمومی تاثر اچھا نہیں جائے گا، اس پر نثار درانی کا کہنا تھا کہ آپ ان باتوں کو چھوڑ دیں ہم قانون کے مطابق چلیں گے، آپ کیس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں لیکن تعاون بھی نہیں کرتے۔
دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں کیا جارہا، جس پر ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ پہلے چیئرمین پی ٹی آئی بھی جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے تھے، سوال یہ ہے کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی کو یہاں پیش کرنے کا رسک کیوں لیں؟
ممبر نثار درانی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی خود کہتے رہے ہیں کہ ان کی جان کو شرید خطرات ہیں، اگر پیشی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل سے متعلق وزارت داخلہ کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیر اسد عمر کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔
ممبر کمیشن نے سوال کیا کہ آپ تو الیکشن کمیشن میں پیش بھی نہیں ہوتے، جس پر اسد عمر نے کہا کہ میں تو سب سے زیادہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوا ہوں، میں تو سیاست بھی چھوڑ چکا ہوں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ نہیں آپ سیاست کریں، ہم اس پر آرڈر کردیتے ہیں، اسد عمر نے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ لیکن سیاست چھوڑ چکا ہوں۔
علاوہ ازیں فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ فواد چوہدری اڈیالہ جیل میں ہے، انکو سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں، الیکشن کمیشن فواد چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے، جس پر ممبر کمیشن نے کہا کہ ہم اس پر آرڈر کردیتے ہیں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News