
نگران وزیرداخلہ کا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور اس کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، وزیر بجلی محمد علی اور سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو انتظامی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے چوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے واضح ہدایت ہے کہ ایسے مافیاز کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کھاد کی کوئی کمی نہیں ہے، اجناس کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچے گی، کھاد پر دی جانے والی سبسڈی کا مقصد کارخانوں یا مڈل مینوں کے لیے نہیں بلکہ کاشتکاروں کے لیے ہے۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار کھاد کے کارخانوں سے بھی بات چیت کر رہی ہے تاکہ کھاد کی ہموار فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب نگران وزیر بجلی محمد علی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کھاد کی زیادہ سے زیادہ مقامی پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے کھاد کے پلانٹ پورے موسم سرما کے دوران کھلے رہیں گے، اس وقت کھاد کے پلانٹ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
بعدازاں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے کہا کہ حکومت نے یوریا کی دستیابی کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی پیداوار کے علاوہ دو لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن درآمدی یوریا اگلے ماہ کی 15 تاریخ تک ملک میں دستیاب ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News