 
                                                      کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے مکمل کررہے ہیں،میئر کراچی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے مکمل کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رزاق آباد سے شیدی گوٹھ پاور ہائوس تک سڑک کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے مکمل کررہے ہیں،رزاق آباد سے شیدی گوٹھ پاور ہائوس تک سڑک کی تعمیر و توسیع سے یہاں کے مکینوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی، 6.2 کلومیٹر طویل اس سڑک پر 307 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں اور اسے سپرہائی وے اور نیشنل ہائی وے کے لنک روڈ سے منسلک کیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ اس میگا منصوبے کو آج پبلک کے لیے کھول دیا گیا ہے، کراچی کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کھلے میدان اور پارکس سمیت پانی کی فراہمی اور سیوریج کی نکاسی کے بڑے بڑے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا انفراسٹرکچر بہتر ہوگا تو شہر ترقی کرے گا،بلوچ کالونی ایکسپریس وے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے،ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کریم آباد انڈر پاس کے اوپر کام جاری ہے، کورنگی کازوے پر بھی پل تعمیر کیا جا رہا ہے،کوشش ہوگی ایک سال میں منصوبے کو مکمل کریں،ملیر ایکسپریس وے پر بھی تیزی سے کام چل رہا ہے، پانی کے مسائل حل کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہائیڈرنٹس کے سسٹم کو ہم نے کمپیوٹرائزڈ کیا ہے، شہر میں نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے کے لیے سکشن اور جیٹنگ مشینیں واٹر کارپوریشن کے حوالے کی ہیں، پچاس بسیں کراچی آچکی ہے، ٹیکس کے بعض مسائل ہیں جس کے باعث وہ پورٹ پر کھڑی ہیں، فائر بریگیڈ کے لئے 8نئی اسنارکل گاڑیاں بھی منگوائی گئی تھیں جو کراچی پورٹ پر کھڑی ہیں، ان میں سے تین کراچی اور باقی اندرون سندھ استعمال ہوں گی، شہر میں 105 میٹر بلندی تک جانے والی اسنارکل چل رہی ہیں، عرشی مال میں لگی آگ بجھانے میں بھی یہ اسنارکل کارآمد ثابت ہوئی۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ فائر بریگیڈ کی ایک جگہ پر جو بہت ساری گاڑیاں کھڑی ہیں وہ 30 سال پرانی ہیں اور ان گاڑیوں کی مرمت کے لئے خطیررقم کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سابق رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم جوکھیو، چیئرمین گڈاپ ٹائون طارق عزیز بلوچ اور دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 