
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر ڈی آئی خان میں یارک انٹر چینج پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی، جس میں سربراہ جے یو آئی سمیت ان کے ہمراہ موجود تمام افراد محفوظ رہے اور ان کا قافلہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان پر پہلے بھی حملے ہو چکے ہیں اور خطرات کی وجہ سے ان کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا بیان
ڈیرہ اسماعیل خان میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب فائرنگ بزدلانہ کارروائی ہے، بارہا متنبہ کرچکے ہیں کہ ہماری قیادت کے لئے حالات سازگار نہیں، انتظامیہ آئے روز تھریٹس کے حوالے سے لیٹر لکھتی ہے لیکن عملا کوئی قدم نہیں اٹھاتی، واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ادارے کیونکر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے، کے پی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔
شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے، سربراہ جے یو آئی کو نشانہ بنانے کا مقصد پاکستان میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔
شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی اسلحہ سے لیس پاکستان دشمن عوامی قائدین کو نشانہ بنا کر دہشت پھیلانا چاہتے ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی، دہشت گرد پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں، قوم کو مل کر اس دشمن کو مٹانا ہوگا، قوم اپنے اتحاد کی قوت اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔انشاءاللہ
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News