
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میرا ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، بس ن لیگ جس طرح کی سیاست کررہی ہے میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں پر 14،14 سال سے نیب کے کیسز چل رہے ہیں، نیب میں کیس چلنے کے بعد شہری کی پوری زندگی مفلوج ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے نواز شریف کیخلاف جعلی کیسز بنائے، سب کہتے ہیں نواز شریف کو انصاف مل گیا، لیکن میرا یہ سوال ہے کہ ان کے 5 سال ضائع ہو گئے ان کا انصاف کیسے ہوگا؟
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اپنے دورِ حکومت میں سیاستدانوں کو جیل میں ڈالنے کا کریڈٹ لیتے رہے لیکن آج وہ خود جیل میں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرا ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، بس ن لیگ جس طرح کی سیاست کررہی ہے میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔ نواز شریف سے 35،36 سال کا تعلق ہے مجھے کسی شخص سے پرابلم نہیں، میرا ایسی سیاست سے اتفاق نہیں، ہر قیمت پر اقتدار کے حصول کا قائل نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا اصولی اختلاف ہے، میں کسی شخص سے کچھ چاہتا نہیں، جو آج ن لیگ نے سیاست اپنائی ہے، اس کے اثرات اچھے نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ اصولوں سے ہٹ جاتے ہیں تو لوگ بھی دیکھتے ہیں، ذاتی معاملات سیاستدان کو برداشت کرنا چاہیے، جنہوں نے نہیں کیا وہ خود بھگت لیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News