طب کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور ریسرچ سے آگاہی بہت ضروری ہے، بلیغ الرحمان
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ طب کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور ریسرچ سے آگاہی بہت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ڈین کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر شہزاد شمس اور صدر کیمکانہ ڈاکٹر عرفان منیر کی قیادت میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایلومینائی کے وفد نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب نے وفد کو 43ویں سالانہ بین الااقوامی سائنٹفک سمپوزیم کے کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد دی۔
گورنر پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایلومینائی کا اپنی مادر علمی سے جڑے رہنے اور بہتری میں کردار ادا کرنے کا جذبہ قابل قدر ہے، انڈومنٹ فنڈ اور دیگر سکالرشپس میں ایلومینائی کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستانی ڈاکٹر اپنی قابلیت کی وجہ سے پوری دنیا میں خدمات دے رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹر ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی سرگرم ہیں، کووڈ وبا کے دوران ڈاکٹروں نے جس طرح فرنٹ لائن پر کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب، کووڈ وبا اور زلزلہ کے دوران جس جذبے سے ہم وطنوں کی مدد کی وہ قابل تحسین ہے، بڑے کام کرنے کے لیے چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دینا بہت ضروری ہے، کم وسائل کے باوجود ایک بہتری کی سوچ سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، طب کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور ریسرچ سے آگاہی بہت ضروری ہے، پاکستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح تشویش ناک ہے، بطور چانسلر جامعات میں ذیابیطس سے آگہی کے لیے اقدامات کی خصوصی ہدایت دی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر شہزاد شمس نے گورنر پنجاب کو کیمکا (کنگ ایڈورڈ ایلومینائی آف نارتھ امریکہ) اور کیمکانہ (کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج ایسوسی ایشن آف امریکہ) کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی بہتری میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے لئے انڈونمنٹ فنڈز کے قیام اور دیگر معاملات پر چانسلر/گورنر پنجاب کی سرپرستی پر بے حد مشکور ہیں، گورنر پنجاب کے ویژن کے مطابق ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
صدر کیمکانہ ڈاکٹر عرفان منیر نے کہا کہ مادرعلمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ اسی تسلسل سے جاری رہے گا، ملک میں وبائی امراض یا دیگر معاملات میں ایلومینائی اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
وفد میں صدر کیمکانہ ڈاکٹر عرفان منیر، پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، پروفیسر سائرہ افضل، رجسٹرار پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر ابرار اشرف، ڈاکٹر شہزاد خان اور دیگر شامل تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
