ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب ہوگیا
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج ملکی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، لاہور کے تقریباً 10 علاقوں میں بارش ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ15 دنوں سے مصنوعی بارش کے لئے کوشش کررہے تھے،آج الحمداللہ پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش ہوچکی ہے، لاہور کے 10 سے 15 کلو میٹر کے قطر میں یہ پلان کیا گیا اور 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کا پہلا مشن کچھ دیر پہلے کیا گیا، شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، لاہور کے اکثر مقامات پر بارش ہوگئی ہے، مصنوعی بارش کے دوران 48 فلیئرز فائر کیے گئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ کرنا کوئی آسان نہیں تھا، متحدہ عرب امارات کے صدر کا تعاون کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہیں، مصنوعی بارش برسانے کا مشن متحدہ عرب امارات کی طرف سے تحفہ ہے، وفاقی حکومت اور اداروں نے بھی بھرپور معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا، یو اے ای کے 2 جہاز آئے ان کی پوری ٹیم یہاں موجود تھی، مصنوعی بارش برسانے میں ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا، اس میں صرف پانی کا خرچ ہوا، اسموگ کے خاتمے کیلئے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا جب کہ مصنوعی بارش کا صحت پر کوئی نقصان نہیں ہے، اگر نقصان ہوتا تو دبئی اور امریکا جیسے ممالک یہ نہیں کرتے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اب لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس یقینی طور پر نیچے آئے گا، اب دیکھیں گے مصنوعی بارش کا کتنا اثر پڑتا ہے، کچھ چیزیں لانگ ٹرم ہیں اور کچھ شارٹ ٹرم، دونوں کو ٹرائی کیا، کل رات لاہور میں ایئر کوالٹی انڈکس زیادہ تھا اور پہلے نمبر پر تھا، اگر صحت کے لیے یہ ٹیکنالوجی ٹھیک نہیں ہوتی تو یہ ٹیکنالوجی کوئی بھی ملک استعمال نہیں کرتا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
