
خیبرپختونخوا میں پُرامن انتخابات کیلئے کتنے پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے؟
پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے بتایا ہے کہ الیکشن کی سیکیورٹی کے لئے تقریباً 1 لاکھ 14 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
آئی جی پولیس اختر حیات خان نے الیکشن کی سیکیورٹی سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صوبائی اداروں سے مختلف اضلاع میں لیڈی پولیس فراہم کر دی گئی ہیں، ہر ضلع میں پولنگ اسٹیشنز کی بنیاد پر نفری تعینات کی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع میں زیادہ پولیس نفری تعینات کی جائے گی جبکہ انتخابات کی نگرانی کے لئے سی پی او میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک خصوصی مانیٹرنگ پلان بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات 2024 ؛ سیکورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
دوسری جانب الیکشن کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، فوجی اور نیم فوجی دستے حساس حلقوں میں کیو آر ایف کے طور پر تعینات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی ضروریات کے پیش نظر 2 لاکھ 77 ہزار فوجی اہلکار تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بعدازاں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ادارے یا پولنگ اسٹاف کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے، ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں لیکن پرامن انتخابات میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنز کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، مرمت کا کام الیکشن سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News