“پیپلز پارٹی الیکشن میں بڑا سرپرائز دے گی”
سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس الیکشن میں بڑا سرپرائز دے گی۔
سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کی خدمت کی ہے، پیپلزپارٹی نے کراچی سے بوری بند لاشوں کا سلسلہ ختم کرایا، دھونس دھاندلی کو کراچی سے پی پی حکومت نے ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اب وہ پوزیشن نہیں ہے جو ماضی میں تھی، ایم کیو ایم کو کراچی کے لوگوں نے آٹھ چانس دیے، ایم کیو ایم کچھ بھی ڈلیور نہیں کرپائی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی انشاء اللہ کراچی کو دنیا کا بہترین شہر بنائے گی، اب بھی الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے کراچی کو مکمل روشنیوں کا شہر بنائیں گے، پیپلز پارٹی اس الیکشن میں بڑا سرپرائز دے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم سنٹرل پنجاب سے بھی کامیابی حاصل کریں گے، پنجاب بھی بھٹو کا تھا اور اب دوبارہ بھٹو کا ہی ہوگا۔
انکا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میں ٹکٹوں کے معاملے پر کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے، پارٹی یہ دیکھتی ہے کہ کس اُمیدوار کی پوزیشن بہتر ہے، پارٹی ٹکٹس کے معاملے پر کمیٹی بنی ہوئی ہے جلد ہی مسئلہ حل ہو جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بیمار ہوئے اور چلے گئے، ضرور دال میں کچھ کالا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرانے سے متعلق قرار داد نہیں آنی چاہیے تھی، جو سینیٹ میں ہوا وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ الیکشن کرانا بہت ضروری ہے، اگر الیکشن نہیں کرایا تو ملک کا بہت بڑا نقصان ہوگا، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور محبت میں سب کچھ جائز ہے، جے یو آئی یا دیگر پارٹیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
