
پی ٹی آئی کو ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا لگ گیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کسی کو بھی الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، 300 سے زائد کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں، ہم ان ہتھکنڈوں کے خلاف سپریم کورٹ اف پاکستان جا رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہر حال میں ہر قیمت پر پاکستان تحریک انصاف الیکشن لڑے گی، یہی ہماری اسٹریٹجی تھی کہ ہر حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ نے اجازت دے دی ہے بانی پی ٹی آئی خود ٹکٹ جاری کریں گے، امید ہے سپریم کورٹ اف پاکستان سے ہمیں انصاف ملے گا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا مرحلہ مکمل ہو گیا اور آخری روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کی حتمی لسٹیں آویزاں کر دی گئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں کے کاغذات کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کے لاہور کے حلقہ این اے 122 اور میانوالی کے حلقہ این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 اور تھرپارکر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 214 سے مسترد کیے گئے۔
این اے 151 سے شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی اور بیٹی مہر بانو قریشی کے کاغذات بھی مسترد ہوگئے جبکہ این اے 149 سے جاوید ہاشمی، جہانگیرترین اور عامرڈوگر کے کاغذات منظور ہوگئے۔
اعظم خان سواتی کے مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اور اٹک کے این اے 50 سے زلفی بخاری کے کاغذات کو بھی مسترد کردیا گیا۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان سے علی امین گنڈا پور کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے ہیں جبکہ مردان تخت بھائی این اے22 سے علی محمد خان کے کاغذات بھی مسترد ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر مراد سعید، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، سابق وزیر زرتاج گل، پی ٹی آئی امیدوار طاہر اقبال چوہدری، عبد المجید خان نیازی، خرم لطیف کھوسہ، ملک عمر اسلم اعوان اور ملک حسن اسلم اعوان کے کاغذات بھی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News