
آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز
8 فروری 2024 کو ہونے والے الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، تاہم رات بارہ بجتے ہی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو جائے گا۔
تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار آج ووٹرز کو مائل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، رات بارہ کے بعد کسی امیدوار کو کو ئی اجتماع یا سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی، تاہم خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایک روز کے وقفے کے بعد جمعرات کو ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے ووٹنگ ہو گی، تاہم پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی ترسیل کردی گئی۔
عام انتخابات کے لئے ملک بھر میں 90 ہزار 6 سو 75 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں بارہ کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، تاہم ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 اور رجسٹرڈ خواتین ووٹرز 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے دستے پنجاب بھر میں الیکشن ڈیوٹی کیلئے روانہ
الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی فرائض سر انجام دے گی جبکہ سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق 9 فروری کو تمام 859 حلقوں کے نتائج جاری کردیں گے۔
اہم حلقوں میں بڑے سیاسی قائدین آمنے سامنے
ملک میں انتخابی پارہ ہائی ہونے لگا ہے، الکیشن 2024 میں اہم حلقوں میں بڑے سیاسی قائدین آمنے سامنے نظر آئیں گے۔
ملک میں مختلف حلقوں میں اہم سیاسی قائدین کے بڑے ٹکراؤ سے متعلق بول نیوز نے بتایا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 127 میں بلاول بھٹو کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ سے ہے جبکہ آزاد اُمیدوار ظہیر عباس کھوکھر بھی اس حلقے میں موجود ہیں۔
این اے 130 لاہور میں اصل مقابلہ نواز شریف کا تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ کے ساتھ ہے جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 119 میں مریم نواز کا مقابلہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق سے ہے۔
اس کے علاوہ این اے 71 سیالکوٹ میں خواجہ آصف کا مقابلہ ریحانہ ڈار سے ہے، جوعثمان ڈار کی والدہ ہیں۔
این اے 151 ملتان میں علی موسیٰ گیلانی کا مقابلہ مہربانو قریشی سے ہے اور این اے 44 میں علی امین گنڈا پور، مولانا فضل الرحمان اور فیصل کریم کنڈی کا مقابلہ ہے۔
این اے 248 کراچی میں خالد مقبول صدیقی اور ارسلان خالد، پیپلز پارٹی کے محمد حسن خان اور جماعت اسلامی کے محمد بابر خان کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔
علاوہ ازیں این اے 241 کراچی ڈاکٹر فاروق ستار کا مقابلہ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان سے ہے جبکہ این اے 56 میں شیخ رشید، حنیف عباسی اورشہر یار ریاض مدمقابل ہیں۔
مزید برآں این اے 256 میں بی این پی کے اختر مینگل، آزاد امیدوار شفیق مینگل اور نواب اسرار اللہ مدمقابل ہیں جبکہ این اے 257 سے مسلم لیگ ن کے جام کمال خان، پیپلز پارٹی کے عبدالوہاب بزنجو اور آزاد امیدوار میر علی احمد زہری کا مقابلہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News