
وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جائیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے کاغذات نامزدگی آج شام پانچ بجے تک پنجاب اسمبلی میں جمع کروائے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے نامزد امیدوار مریم نواز کے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جائیں گے جبکہ سنی اتحاد کونسل بھی وزیر اعلیٰ کے نامزد امیدوار رانا آفتاب احمد خان کے کاغذات آج جمع کرائے گی۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما دو بجے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کروانے پنجاب اسمبلی جائیں گے، تاہم کاغذات نامزدگی سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے پاس جمع کروائے جائیں گے۔
کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل بھی آج ہی مکمل ہو گا اور پیر کے روز گیارہ بجے پنجاب اسمبلی اجلاس میں قائد ایوان کا چناؤ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے، سبطین خان نے نو منتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے حلف لیا اور ملک احمد خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی نشست سنبھال لی ہے۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے 322 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا تھا۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی کے لیے ملک احمد خان نے 225 ووٹ لے کر برتری حاصل کی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو 96 ووٹ ملے اور 2 ووٹ مسترد ہوئے۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے ظہیر اقبال چنڑ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیراقبال چنڑ نےحلف اٹھا لیا ہے، اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ظہیراقبال چنڑ سے حلف لیا تھا۔
بعدازاں ڈپٹی اسپیکرکے لیے ظہیر اقبال چنڑ نے 220 ووٹ لے کر برتری حاصل کی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار معین ریاض نے 103 ووٹ حاصل کیے۔
نو منتخب اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 26 فروری تک ملتوی کر دیا اور کہا کہ قائد ایوان کے لیے انتخاب بھی 26 فروری کو ہو گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News