پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنائیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سے پشاور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ملاقات ہوئی جس میں صوبائی دارالحکومت پشاور کے عوامی مسائل کے حل سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
ان مسائل میں صحت، امن وامان، ٹریفک کے مسائل، انفراسٹرکچر کی بہتری، پینے کے پانی، سیوریج اور دیگر مسائل شامل ہیں۔
دوران ملاقات علی امین گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر ہے، یہاں کی تعمیر و ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، پشاور میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے ٹرین چلانے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا، بی او ٹی ماڈل پر ٹرین چلانے کے لئے نجی کمپنی سے بات ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پشاور میں نکاسی کا مسئلہ سنگین ہے اس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، شہر کی نکاسی کے نظام کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے صوبائی حکومت کے تمام خودمختار اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر محنتی اور پروفیشنل لوگ تعینات کیے جائیں گے، اس سلسلے میں کوئی سیاسی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو خود مختار اور مستحکم بنائیں گے تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
