
مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق 199 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل اوراتحادیوں کی طرف سے اسپیکر کے امید وار عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔
نومنتخب اسپیکر ایازصادق نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عامر ڈوگر سے ان کی نشست پرجاکرملاقات کی۔
نومنتخب اسپیکر ایازصادق نے قومی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہاکہ حکومت اور اپوزیشن ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں ، حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے ،تنقید برائے تذلیل کے بجائےتنقید برائےاصلاح کےاصول پرچلناہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پوری کوشش کروں گاکہ حکومت اوراپوزیشن میں تفریق نہ کروں ،آصف زرداری کا شکر گزار ہوں کہ تیسری مرتبہ اعتماد کیا،ایم کیوایم کابھی شکرگزارہوں کہ دوسری بار اعتمادکاووٹ دیا، عامرڈو گر نے ہمیشہ بڑابھائی کہاہےاوربھائی بن کردکھاؤں گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ سیاست میں تلخیاں پاکستان کیلئےانتہائی نقصان دہ ہیں، میری دونوں جانب سےگزارش ہےکہ اختلاف کریں لیکن جمہوری انداز میں، اللہ کاشکرگزارہوں کہ تیسری باراس منصب پرمنتخب ہوا، اپنی نامزدگی پر قائد نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
راجہ پرویزاشرف اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، اسپیکرایازصادق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائیں گے، ڈپٹی اسپیکرکیلئےغلام مصطفیٰ شاہ اور سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبرمیں مقابلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News