
وزیراعظم کا آزاد کشمیر کے بارش متاثرین کیلئے امدادی پیکج کا اعلان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے کروڑوں روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد کا دورہ کر کے شدید بارشوں و برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت سے مل کر بحالی کا کام کریں گے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں، آزاد کشمیر کی حکومت سے مل کر بحالی کا کام کریں گے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی معاونت کرے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک پیچھے نہیں ہٹے گی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ طوفانی بارشوں اور برف باری میں میں جاں بحق ہونے والے متاثرین کو 20 لاکھ روپے، زخمی کو 35 ہزار اور بارشوں سے مکمل طور پر تباہ ہونے والوں کو 7 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ فنڈز وفاقی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو دے گی اور اس موقع پر وزیراعظم نے بدھ سے پہلے معاوضے کی رقم کی تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے ایک تفصیلی سروے بھی کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور وفاقی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بارش اور برف باری کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News