
صحافیوں کی گرانٹ ہو یا دیگرمسائل اس سلسلے کوآگے بڑھائیں گے، سعید غنی
صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صحافیوں کی گرانٹ ہو یا دیگرمسائل اس سلسلے کوآگے بڑھائیں گے۔
وزیربلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ سندھ سعید غنی نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اورصدرسعید سربازی، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب خان سمیت اراکین مجلس عاملہ کے ہمراہ اجلاس اور بعد ازاں صحافیوں سے کی گفتگو کی۔
اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ سعید غنی کراچی پریس کلب کی فیملی کاحصہ رہے ہیں۔ سعید غنی اور پیپلزپارٹی حکومت نے ہمیشہ کلب کوسپورٹ کیا ہے۔ حکومت سندھ نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ میں بھی اضافے کی یقین دہانی کروائی ہے اورساتھ ہی صحافیوں کی کالونی کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ میڈیا اورصحافیوں کی آزادی کے لئے کام کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل اور ان کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کو ماضی میں بھی رہائشی پلاٹس، پریس کلب کے لئے گرانٹ سمیت دیگر کام کیے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ صحافی ایک ایسا طبقہ ہے جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیرحق اورسچ کی بات عوام تک پہنچاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صحافیوں کے لئے خطرناک شمار کیے جانے والے ممالک میں شمارہوتا ہے۔ انشاءاللہ میری اولین ترجیح ہوگی کہ آپ نے جن جن مسائل کی نشاندہی کی اوربالخصوص 700 نئے ممبران کے لیے پلاٹس پر جلد ہی کام کروں گا۔ صحافیوں کی گرانٹ ہو یا دیگر مسائل اس سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔
سعید غنی نے مذید کہا کہ وزیر بدلتے رہتے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ معاملات کو بہتر انداز میں میری ہی وزارت میں حل کیاجائے۔
صدر کراچی پریس سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، نائب صدر رشید میمن، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، ارکان گورننگ باڈی نواب قریشی، شازیہ حسن، شعیب احمد، شمس کیریو، رانا جاوید، نورمحمد کلہوڑو، سابق صدر امتیاز فاران، سابق سیکریٹری مقصود یوسفی، ایچ ایم خانزادہ و دیگر نے صوبائی وزیر کی پریس کلب آمد پران کا شکریہ ادا کیا اورانہیں سندھ کی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے اور ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News