ملتان این اے 148 کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے سید علی قاسم غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 83250 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
ملتان این اے 148 کے 275 پولنگ اسٹیشن کے مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی قاسم گیلانی 83250 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر تیمور الطاف ملک 51572 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ملتان میں سید علی قاسم گیلانی کے گھر گیلانی ہاؤس پر جیالوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور شاندار آتش بازی کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔
پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، حلقے میں مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں تھے، پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک میں کا ٹنے کا مقابلہ تھا۔
حلقے میں کل ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 231 ہے جن میں 2 لاکھ 33 ہزار 624 مرد جبکہ 2 لاکھ 10 ہزار 607 خواتین ووٹر ہیں۔
ذرائع کے مطابق حلقے میں 275 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ، خواتین اور مرد ووٹرز کیلئے 72، 72 پولنگ اسٹیشن جبکہ 131 پولنگ اسٹیشن مشترکہ مختص کئے گئے۔
الیکشن کمیشن نے ان پولنگ اسٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا، 3 ہزار800 پولیس افسر و اہلکاروں نے سیکیورٹی فرائض انجام دئیے۔
حلقہ این اے 148 کے مختلف علاقوں میں موبائل فون پر انٹرنیٹ کی سروس بھی بند رہی۔
واضح رہے کہ حلقے میں یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے تھے، ان کے سینیٹر بننے پر سیٹ خالی ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
