
پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ درج
پاکستان تحریک انصاف کے(پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں رؤف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں چار خواجہ نامعلوم سراؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
رؤف حسن کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا ترجمان ہوں اور مختلف چینلز میں اپنی جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں، نجی چینل سے پروگرام ریکارڈنگ کے بعد پارکنگ کی طرف جارہا تھا، ایک شخص جو بظاہر خواجہ سرا معلوم ہوتا ہے، اس نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت روک کر حملہ کیا، اس کے دیگر تین ساتھی بھی آگئے جنہوں نے مجھ پر تیز دھار آلے سے حملہ کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان میری گردن پر حملہ کررہے تھے کہ اس دوران چہرے پر شہ رگ کے قریب تیز دھار آلہ لگ گیا، ملزمان مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے تھے۔
ایف آئی آر کے متن میں مزید بتایا گیا کہ ملزمان نے دو دن پہلے ایک نجی چینل کے آفس میں بھی مجھے روک کر حملہ کیا تھا، کسی سے ذاتی دشمنی نہیں پی ٹی آئی کا ترجمان ہوں قانونی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا جس میں رؤف حسن شدید زخمی ہوگئے۔
رؤف حسن کو طبی امداد کے لیے پی اے ایف اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی گئی اور طبی امداد کے بعد رؤف حسن اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر روانہ ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور خواجہ سراؤں کے روپ میں تھے، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں کہ حملہ آور کون تھے اور انہوں نے کیوں حملہ کیا، حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
بعدازاں اسلام آباد پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں، 5 ٹیموں نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا، سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد حاصل کی جارہی ہے، تاہم حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News