
درپیش چیلنجز کے خاتمے کیلئے چینی حکام سے تفصیلی گفتگو کریں گے، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز کے خاتمے کے لیے پاکستان اور چین کے حکام تفصیلی گفتگو کریں گے۔
پاک چین اقتصادی راہداری کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا 13واں اجلاس شروع ہوگیا ہے جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں جبکہ چین کی طرف سے اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کر رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران جے سی سی کے شرکاء کو سی پیک کی پیشرفت پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی، دستاویزی فلم کے ذریعے سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا۔
احسن اقبال نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے چین کے وژن کو سراہتا ہے، ہم سی پیک کے دوسرے فیز کو حتمی شکل دینے کے لیے چین کے نیشنل ڈیولپمنٹ ریفارم کمیشن کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے مشترکہ خوابوں کا سفر ہے، میں چین کے نیشنل ڈیولپمنٹ ریفارم کمیشن، تمام چینی وزارتوں اور مالیاتی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آج اس فورم پر جمع ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سٹریٹجک قدم کے تحت ہم سی پیک کے چیلنجز کو مل کر حل کریں گے، جن منصوبوں کا ہم نے کبھی خواب دیکھا تھا وہ اب عملی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ سی پیک اس خطے میں چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم حصہ ہے، پچھلے 10 سالوں کے سفر نے ہمیں مسلسل کوششوں کی اہمیت اور خدشات کو فعال طور پر حل کرنے کی صلاحیت سکھائی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلےمیں 16 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے، پاکستان اور سی پیک میں سستی توانائی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے لیے سی پیک اہم منصوبہ ہے، چین سے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، سرمایہ کاری کے حوالے سے مزید تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News