مناسک حج کے پہلے مرحلے کا آغاز؛ لاکھوں عازمین منیٰ روانہ
ریاض: مناسک حج کی ادائیگی کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، عازمین کی منیٰ کیلئے باقاعدہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے جہاں وہ آج خیمہ بستی میں قیام کریں گے۔
دنیا بھر سے آئے بیشتر عازمین حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ پہنچا گیا جبکہ دیگر کی منیٰ روانگی کا عمل آج جاری رہے گا۔
رواں برس دنیا بھر سے 15 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں جن میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین اور تقریباً 4 لاکھ مقامی عازمین حج شامل ہیں۔
منیٰ میں آج قیام کے دوران حجاج 5 وقت کی نماز اور عبادات بجا لائیں گے اور 15 جون ہفتہ کی صبح عازمین حج میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جو حج کا رکن اعظم ہے، میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر پڑھی جائے گی۔
مغرب کے وقت تمام حجاج کرام کو ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے مزدلفہ لے جایا جائے گا، جہاں پہنچ کر حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے، کنکریاں اکٹھی کریں گے اور آرام کریں گے۔
اس کے علاوہ حجاج کرام 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے اور 17 جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔
بعدازاں 18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال سعودی حکام نے صرف حج پرمٹ اور نسک کارڈ رکھنے والے عازمین کے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کو سخت کیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
