
عوام سرکاری ملازمین کو اپنا ہمدرد نہیں مانتی، تو خطرے کی علامت سمجھا جائے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر عوام سرکاری ملازمین کو اپنا ہمدرد نہیں مانتی تو اسے خطرے کی علامت سمجھا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس (گریڈ 19 کے افسران) کے شرکاء کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام 38 افسران کو بشمول 2 خواتین کو ان کے کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ ایس ایم سی گروپ میں وفاقی حکومت کے مختلف کیڈرز اور گروپس کے افسران شامل ہیں، جبکہ این آئی ایم کراچی کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت سندھ اس ادارے کو اپنا ادارہ سمجھے گی، اور این آئی ایم ادارے سے اپنے روابط کو مزید مضبوط اور تعاون جاری رکھیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت، شرکاء کی پیشہ ورانہ ضروریات کی تکمیل پر تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی، یقین ہے کہ اس ادارے نے گریڈ 20 عہدوں پر ترقی کیلئے تمام افسران کو علم کی بنیاد کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، اس کے علاوہ اس ادارے نے تمام افسران کو متعدد مہارتوں، پالیسی مسائل اور خدمات کی فراہمی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنایا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ یہ کورس آپ کی کارکردگی اور آپ کے کیریئر کی ترقی کے لیے اہم ہے، جبکہ تمام افسران نے پیشہ ورانہ کامیابی کیلئے درکار علم، مہارت حاصل کرنے کیلئے بڑی کوششیں صرف کی ہوں گی، بہت جلد آپ تمام وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اہم اور فیصلہ ساز عہدے پر براجمان ہونے والے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یقین ہے کہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کا نصاب تمام مہارتوں اور تحقیق و تجزیہ کے موضوعات پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ تمام افسران کو ملکی مسائل جیسے موسمیاتی تبدیلی، معاشی بدحالی، جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال اور عوامی مسائل کے چیلنجز کے قابل بنایا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے خطاب کے دوران کہا کہ ہم مصنوعی ذہانت اور سوشل میڈیا کے دور میں رہتے ہیں، عوام انتہائی بااختیار ہے اور زمینی حقائق پر نتائج دیکھنے کے مستحق ہیں، جبکہ یہی واحد طریقہ ہے جس سے ہم حکومت پر ان کا اعتماد بحال کر سکتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومتوں کے پاس سوائے ایماندار اور ذمہ دار سرکاری ملازمین پر انحصار کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، عوام کے غیر متزلزل اعتماد کے بغیر یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ جمہوریت ترقی نہیں کر سکتی،گڈ گورننس اور بہترین سروس ڈیلیوری کے ساتھ عوام کا اعتماد بحال کرتے ہوئے ہمیں دہلیز پر ڈیلیور کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جانتے ہیں کہ سرکاری محکمے بالخصوص تربیتی ادارے، مالی لحاظ سے ضروری وسائل کی کمی کا شکار ہیں، جبکہ ڈاکٹر لبنیٰ ایوب صاحبہ، ڈائریکٹر جنرل، اور ان کے سینئر کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا، میری رائے میں ایک پیشے کے طور پر عوامی خدمت کا انتخاب کرنا، دنیاوی پیشے سے زیادہ ذاتی پسند و رضاکارانہ عزم ہے۔
سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ ایک سرکاری ملازم جدید عوامی پالیسیوں کو تشکیل دینے اور اسے لاگو کرنے میں محنت و لگن سے دن رات کام کرتا ہے، میں آپ کو مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کہ براہ کرم یقین اور ذاتی عزم کے ساتھ کام کریں، جبکہ کسی بھی معاشرے میں پیشہ ورانہ سول سروس کا کلیدی کام حکومتی پالیسیوں کو نافذ کرنا ہے۔
وزیرعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کو درپیش بڑے چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے حکومت سندھ عوامی خدمات فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اس کے علاوہ سندھ حکومت تعلیم، صحت، مواصلات، انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری کررہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے خطاب میں مزید یہ بھی کہا کہ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم نئے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے، جبکہ ایک بہتر اور خوشحال مستقبل کے حصول کیلئے ہمیں قابل، محنتی سول سروس کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News