
وزیراعظم کی بجلی کے بلوں پر ریلیف کو فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے بجلی کے بلوں پرریلیف کو فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا جس میں وفاقی کابینہ معاشی صورتحال سمیت 11 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ ختم کرنے کی اصولی منظوری دےدی جبکہ وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس نے پی ڈبلیو ڈی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارتوں میں رائٹ سائزنگ اور ڈاون سائزنگ سے متعلق امور پر غورکیا گیا، جبکہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ایسے محکمہ جو کارآمد نہیں رہے اور ترجیحی وزارتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سخت معاشی حالات میں کفایت شعاری پلان پر کام تیز کرنے کی ہدایت دی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ میں چند وازتوں اور محکموں کو ختم کرنے کا پلان پیش کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے قائم انسٹیٹیوشنل ریفارمز سیل نے رائٹ سائزنگ پر رپورٹ پیش کردی، اس کے علاوہ پانچ وفاقی وزارتوں سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کردی گئیں جن میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، کشمیر افیئرز، وزارت سیفران، صنعت و پیداوار اور وزارت ہیلتھ سروسز شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پانچ وزارتوں کے ذیلی اداروں کی ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع وفاقی کابینہ اجلاس نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزارتوں کو سولر ٹیوب ویلز پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت دی، اس کے علاوہ ادویات کی ٹی وی ریڈیو اور پرنٹ میڈیا پر اشتہارات چلانے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مختلف اپیلوں میں وفاقی سروس ٹربیونل کے مختلف فیصلوں پرعملدرآمد کی منظوری دی گئی، جبکہ کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسو سی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کا بل منظورکیا گیا۔
اجلاس میں فیڈرل لاج دوئم کی پشاور سے الیکشن کمیشن آف پاکستان منتقلی اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کو پانچ سال کے لئے انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیئے جانے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی، اس کے علاوہ ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹریبیونل کے مختلف بینچز میں اکاؤنٹنٹ ارکان کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پیکا ایکٹ 2016 کے تحت پریزائڈنگ افسران مقرر کرنے، اورقومی کونسل برائے ہومیو پیتھی کے منتظم کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں بہاولپور میڈیکل کالج کی منظوری منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا، اس کے علاوہ افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں توسیع کردی گئی، جبکہ27 جون کو منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News