
“مقبوضہ کشمیر کی پاکستان سے محبت پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے”
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے یوم الحاق پاکستان پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے، پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے قبل کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں دیا، قائداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے، مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔،
انکا کہنا تھا کہ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں، صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔
ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا، کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا، آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں، آج سے 76 سال قبل کشمیریوں نے اپنی منزل کا تعین کر دیا تھا اور اس منزل کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، ہمارے بزرگوں نے کشمیریوں کی جس منزل کا تعین کیا تھا وہ انشاء اللہ حاصل کر کے رہیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News