
قومی اسمبلی: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ تمام پارٹیوں کے ارکانِ اسمبلی نے ادا کی۔
غائبانہ نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں فلسطین کے حق اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد منظور کی گئی۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے معاملے پر قرارداد پیش کی۔
اسحاق ڈار نے قرارداد میں مؤقف اپنایا کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ساتھ ہی یہ ایوان غزہ میں فی الفور سیز فائر کا مطالبہ کرتا ہے۔
بعدازاں قومی اسمبلی میں فلسطین کے حق اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف مذمتی قرار دار متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
فلسطین آج ایک مقتل گاہ بن چکا ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، 10اپریل کو اسماعیل ہنیہ کے 3بیٹوں کو شہید کیا گیا، تاریخ ان قربانیوں کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ بکھرا خون انسانیت کی روح کو جھنجھوڑ رہاہے، ظلم وبربریت پردنیابھرمیں انسان سوال اٹھارہے ہیں، فلسطین آج مقتل گاہ بن چکا ہے، فلسطین میں بستیوں کی بستیاں قبرستان بن چکی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کی، ان کی غائبانہ نمازجنازہ کابھی کہا ہوا ہے، پوراعالم اسلام اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اشکبار ہے، فلسطینی بچی نے کہا تھا ہمیں اس لیے مارا جارہاہے کہ ہم مسلمان ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فلسطین میں دن رات بدترین تباہی ہورہی ہے، ایسی سفاکیت ہورہی ہے جو الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتی، عالمی اداروں کا ضمیر اب جاگنا چاہیے۔
قراردادوں سے فلسطین کبھی آزاد نہیں ہوگا، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنوں کو جوڑ نہیں سکتے تو اسرائیل کے خلاف کیا بلاک بنائیں گے، چاہتے ہیں پارلیمان مضبوط ہو، یہاں بات نہ کریں تو کہاں کریں، موجودہ حکومت ایک بھی او آئی سی کانفرنس نہ بلاسکی۔
انکا کہنا تھا کہ قراردادوں سے فلسطین کبھی آزاد نہیں ہوسکے گا، او آئی سی کو مزید مضبوط کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آپ کسی پارٹی کے نہیں ہاؤس کے اسپیکر بنیں، اس حکومت کے دور میں او آئی سی کا کوئی اجلاس نہیں ہوا، جبری گمشدگی آج بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News