
اہم قانون سازی کی تیاریاں مکمل؛ قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب
اسلام آباد: حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی اجلاس کل پانچ بجے طلب کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھیج دی ہے، حکومت کی طرف سے اہم قانون سازی کی تیاریاں کرلی گئیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مخصوص نشستوں پر ہونے والی قانون سازی کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیے جانا متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حکومتی اتحاد کو قانون سازی کے نتیجے میں ملنے والی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تو حکومت کو دوتہائی اکثریت حاصل ہوجائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹیفکیشن کے بعد آئینی ترمیم لانے کی تیاری کررہی ہے، متوقع آئینی ترمیم میں سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت تین سال تک بڑھائے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت تین بڑھانے میں آئینی ترمیم کے ذریعے کامیاب ہوگئی توچیف جسٹس سمیت تمام ججوں کو بھی تین سال مزید مل جائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ دے چکی ہے جب کہ سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست زیر التوا ہے۔
سپریم کورٹ کی طرف سے ابھی تک مخصوص نشستوں کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News