
کراچی سے خیبر تک تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، کاروباری مراکز بند
کراچی: ملک بھر میں تاجروں اور جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کے بھاری بلوں، بدترین مہنگائی اور تاجر دوست اسکیم کے خلاف ہڑتال کی جارہی ہے۔
تاجر تنظیموں کی ہڑتال کے باعث کراچی سے خیبر تک کاروباری مراکز بند ہیں اور ہڑتال کے پیش نظر مختلف شہروں میں اسکول بھی بند رکھے گئے ہیں۔
شہر قائد میں بڑے تجارتی مراکز جامعہ کلاتھ مارکیٹ، جوڑیا بازار، میڈیسن مارکیٹ، بوتل گلی حیدری مارکیٹ، کورنگی مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ اور اجناس مارکیٹ بند ہیں۔
اس کے علاوہ نارتھ کراچی میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی اطلاع ہے جبکہ ہڑتال کے باعث مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ عام دنوں سے کم دکھائی دے رہی ہے۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن، جمعیت علمائے اسلام، سنی تحریک پاکستان نے بھی آج کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز صدر رضوان عرفان نے بتایا ہے کہ کراچی کی 95 فیصد مارکیٹیں آج مکمل طور پر بند ہوں گی، ایف بی آر ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ کرے۔
کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے کام کرے، اضافی ٹیکسز، بدترین مہنگائی، بھاری بلوں کے بعد ملک میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔
عتیق میر نے مزید کہا کہ یہ ہڑتال حکومت کے لئے نوشتہ دیوار ہے ابھی بھی بیٹھیں اور مذاکرات کے ذریعے معیشت کو آگے بڑھائیں، بلاجواز ٹیکسز بدترین عوام اور تاجروں کو انارکی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔
’’حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے ٹیکسز نہیں دیں گے‘‘
انجمن تاجران آل پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے خیبر تک کامیاب مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، آج پورا پاکستان بند پڑا ہے، گاؤں، دیہاتوں اور قصبوں تک ہڑتال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے مزید ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، تاجر اب بجلی کے بھاری بل ادا نہیں کر سکتے، بجلی چوری اور مفت خوری کی سزا تاجر برادری نہیں بھگت سکتی۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجر آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتے، تاجر دوست سکیم کا ظالمانہ نظام ہم پر مسلط نہیں کر سکتے، ہم حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے ٹیکسز نہیں دے سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی ہڑتال پاکستان کے تاجروں کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے، اگر حکمرانوں نے تاجر دوست اسکیم کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا اور بجلی قیمتیں کم نہ کیں تو غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی جائے گی، پورے پاکستان میں غیر معینہ مدت کے لیے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News