
مریم نواز کا عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکیورٹی کا حکم
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکیورٹی کا حکم دے دیا۔
مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت دے دی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکیورٹی کا حکم دیتے ہوئے صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی۔
مریم نواز نے پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا بھی حکم دیا اور سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی بھی ہدایت کردی۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب نے بارڈر سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کا بھی حکم دیتے ہوئے بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدید ٹریننگ کی بھی ہدایت دے دی۔
اجلاس میں ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر بھی سخت پابندی عائد کردی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے، پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جرات نہ کریں، پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔
مزید برآں اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینئر صوبائی منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، بریگیڈئر (ر) بابر علاؤالدین، چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News