
بلوچستان: دکی میں کوئلہ کانوں پر حملہ؛ 20 کان کن جاں بحق، 7 زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملوں میں 20 کان کن جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے دکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹ دستی بم سے حملہ کیا اور وہاں موجود کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مشینری کو بھی آگ لگادی، تاہم حملے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں سے 3 کا تعلق پشین، ایک کا کچلاک، 4 کا قلعہ سیف اللہ، 3 کا ژوب اور ایک کا لورالائی سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق میں ژوب سے عبدالمالک، مولاداد، سیداللہ، جلال، فضل اور روزی خان شامل ہیں جبکہ نصیب اللہ، سمیع اللہ، نصیب اللہ کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے تھا۔
اس کے علاوہ ملنگ، حمداللہ اور عبداللہ ضلع پشین کے رہائشی تھے جبکہ بسم اللہ کا تعلق کچلاک اور جلات خان کا تعلق لورالائی سے تھا، تاہم صمد خان ضلع موسیٰ خیل اور ولی محمد تحصیل شاہرگ کے رہائشی تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا دہشت گردوں کیخلاف مؤثر کارروائی کا حکم
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور دہشت گردوں کے خلاف فوری و مؤثر کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے ہدایت دی کہ مذکورہ علاقے کو سیل کرکے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، عام غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے دہشت گرد بزدل ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لیں گے، بے گناہوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کو ان بے گناہوں کا ناحق قتل لے ڈوبے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے ان کے وجود سے دھرتی کو پاک کریں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حق کی ہوگی دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔
وزیراعظم نے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور جاں بحق کان کنوں کے بلند درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
شہباز شریف نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مذمت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوئٹہ میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زخمی کان کنوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعائیں کیں۔
دہشتگردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کریں گے، بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان کے علاقے دکی میں کان کنوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غریب محنت کشوں کو قتل کرنا بزدلانہ فعل ہے، مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری ہمدردیاں شہید مزدوروں کے مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہیں، ان کا غم میں سمجھ سکتا، دہشتگردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کریں گے، دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News