
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جبری طور پر قبضہ کر رکھا ہے، امیر مقام
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جبری طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیرامور کشمیر امیر مقام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پریس کانفرنس 27 اکتوبر کے حوالے سے ہے جو کشمیریوں کے لئے ایک سیاہ ترین دن ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ جموں کشمیر میں بھارتی جبر کے 77 سال مکمل ہونے پر دنیا بھر کے کشمیری اسے یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں،1947 میں بھارتی افواج غیر قانونی طور پر سرینگر میں داخل ہوئی اور معصوم کشمیریوں پر ظلم جبر اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانی مل کر اسے یوم سیاہ کے طور پرمناتے ہیں۔
امیر مقام کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر ایشو پر جس نے عالمی دنیا نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں اس پر ہمیں تشویش ہے، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والوں کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم نظر کیوں نہیں آتے، کشمیریوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، عالمی قیادت بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کرے۔
امیر مقام نے یہ بھی کہا کہ کشمیری آج بھی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، ظلم و جبر سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم اور سطح پر اجاگر کیا۔
انہوں نے یہ کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد ہے، 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام بھرپور طریقے سے یوم سیاہ منائیں، اسلام آباد بھی چاہتا ہے اور پورا پاکستان بھی چاہتا ہے کہ کشمیریوں پر آواز بلند ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News