غزہ اور لبنان میں متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لیے اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد
اسلام آباد: احسن اقبال کی زیر صدارت غزہ اور لبنان میں متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لیے این ڈی ایم اے میں اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
غزہ اور لبنان میں متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لیے این ڈی ایم اے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی مشترکہ زیر صدارت اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں غزہ اور لبنان کے عوام کی ضروریات اور امدادی سامان کی ترسیل سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا جب کہ پرائم منسٹر آفس، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران سمیت لبنان، فلسطین ، شام اور عراق کے سفیروں نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔
لبنان میں پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان ان پہلے تین ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے لبنان کی عوام کو امداد فراہم کی جب کہ پہلے دو نمبر پر کوریا اور چین ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے غزہ اور لبنان کے لئے 1251 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 12 پارسل روانہ کردیے ہیں، جن میں سے 10 پارسل غزہ اور دو لبنان بھیجے گئے ہیں۔
امدادی سامان میں خیمے، ترپال، فوڈ پیک، موسم سرما کے بستر، ادویات، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔
لبنان، فلسطین اور شام میں تعینات پاکستانی سفیروں نے احسن اقبال کو وہاں موجود فلاحی اداروں کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔
احسن اقبال نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ امداد کی موئثر انداز میں بر وقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے ایک معقول ماڈل بنائیں اور ماڈل میں ہوائی اور زمینی راستوں کے ذریعے امداد پہنچانے کا دورانیہ اور خرچہ واضح کیا جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خوراک اور نان فوڈ آئٹمز سپلائرز کے ساتھ مل کر امداد کی فراہمی کے سلسلے کو جاری رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپلائرز کے ساتھ فوری میٹنگ رکھی جائے جس میں پاکستان فارما ایسوسی ایشن، بناسپتی گھی پروڈیوسرز، فارمولا ملک کمپنیوں، فلور ملز اور ملک پیک کمپنیوں کے نمائندے ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
