 
                                                      آرمی ایکٹ اور سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ سمیت پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس اور سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا جس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے وقفہ سوالات معطل کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی جس کو منظور کرلیا گیا۔
وزیر قانون نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس ایوان میں پیش کیا جس کو منظور کرلیا گیا جب کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
بل کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 34 کی جائے گی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کا ایکٹ منظور بھی کیا گیا ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی جب کہ اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے بلز کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے، اسپیکر نے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور ملک عامر ڈوگر کو اپنے ارکان کو خاموش کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان آرمی ایکٹ 2024 میں ترمیم کا بل سمیت پاکستان ایئرفورس ایکٹ 2024، پاک بحریہ ایکٹ 2024 ایوان میں پیش کیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے پیش کیے گئے بل قومی اسمبلی نے منظور کرلیے ہیں جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 