
سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، فتنتہ الخوارج کا انتہائی مطلوب دہشت گرد جہنم واصل
سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنتہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو جہنم واصل کردیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور کامیاب آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ علی رحمان عرف مولانا طٰحہ سواتی کو جہنم واصل کردیا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 7 خوارج کو جہنم واصل کیا، خارجی علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی نے 2010 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیارکی، ہلاک خارجی علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی خوارج کی شوریٰ کا اہم سرغنہ تھا۔
سیکورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ قاری امجد عرف مفتی مزاحم کا قریبی ساتھی تھا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ایک خارجی نے گھر میں داخل ہوکر کمرے میں 2 بچوں کو یرغمال بنایا جب کہ دہشت گرد نے فرار ہونے کے لیے خاتون کا لباس پہن لیا تھا جب کہ خارجی نے دونوں بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی۔
سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث دونوں بچوں کی بحفاظت بازیابی ہوئی اور خارجی بھی جہنم واصل کیا جب کہ اہلِ علاقہ نے بچوں کی بحفاظت بازیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہٰ اور بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد ہوئی، یہ بارودی مواد کسی بڑی دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ کامیاب آپریشنز میں مارے جاچکے ہیں اور آئے روز خارجیوں کی پاکستان کی سر زمین پر ہلاکت خوارج اور افغان طالبان کے مضبوط گٹھ جوڑ کوعیاں کرتی ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے اس حوالے کئی بار مستند شواہد افغان عبوری حکومت کے حوالے کئے مگر اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، افغان طالبان اورفتنتہ الخوارج کا گٹھ جوڑ عالمی اور خطے کے امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News