
وزیر اعظم سے اوگرا کے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز مسترد کرنے کا مطالبہ
کراچی: کراچی چیمبر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اوگرا کے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی کا کہنا ہے کہ صنعت اور عوام پر غیرمنصفانہ بوجھ ڈالنے کے بجائے صنعت و عوام دوست اقدامات کیے جائیں۔
جاوید بلوانی نے کہاکہ گیس چوری میں کمی، شرح سود کم ہونے کے پیش نظر ٹیرف میں اضافے کا جواز نہیں بنتا، گیس کی قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافہ عوام اور صنعتوں پر مزید بوجھ ڈالے گا جب کہ عوام پہلے ہی بلند افراط زر اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نبرد آزما ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اوگرا کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کرنے کے بجائے گیس کی قیمتوں میں کمی کی تجویز پیش کرنی چاہیے تھی کیونکہ شرح سودمیں کمی سمیت گیس کے بے انتہا نقصانات (یو ایف جی) میں کمی اہم عوامل ہیں۔
کراچی چیمبر کے صدر کہتے ہیں کہ شرح سود میں اضافے کی صورت میں عام طور پر گیس ٹیرف میں اضافے پر غور کیا جا تا ہے تاہم شرح سود میں حالیہ کمی کو گیس کے نرخ طے کرتے ہوئے مدنظر نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوگرا قیمتوں میں اضافے کی سفارش کررہا ہے جو حیران کُن ہے جب کہ ایس ایس جی سی نے یو ایف جی کو بھی کم کیا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ گیس ٹیرف میں اضافے کی بجائے کمی کی گنجائش موجود ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News