پاکستان کو سازش کے تحت لسانی تفریق میں الجھایا جارہا ہے، احسن اقبال
کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو سازش کے تحت لسانی تفریق میں الجھایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پارٹی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ پارٹی کا سیکریٹری بھی ہوں، آٹھ ماہ مشکلات کے خاتمے میں گزر گئے، ملکی حالت آہستہ آہستہ کامیابی کی طرف گامزن ہے، ہماری معاشی حکمت عملی کے باعث مہنگائی میں واضح کمی آرہی ہے، ملک کے تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سازش کے تحت لسانی تفریق میں الجھایا جا رہا ہے، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں قومیت اور لسانیات کے فروغ سے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم نے لندن سے واپس آ کر الگ وطن کے لیے 17 خطوط لکھے، جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے معاشی مستقبل کے لیے آزاد ملک وجود میں آیا، پاکستان کے نظریے میں معاشی ترقی کا تصور بھی شامل تھا۔
انکا کہنا تھا کہ 1999 میں ہم جنوبی ایشیا میں سب سے آگے تھے، آج افسوس کے ساتھ سب سے پیچھے ہیں، پاکستان کو اگلے 23 سالوں میں ترقی کے اسپرٹ کی ضرورت ہے، جب بھی پاکستان مسلم لیگ اقتدار میں آئی، ملک نے ترقی کی، تمام ادوار ایک طرف رکھیں، مسلم لیگ ن کے اقتدار کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا نظریہ ملک کے مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے، مسلم لیگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کسی بھی حالات میں کارکنان نے مسلم لیگ کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پارٹی قیادت اور کارکنان مسلم لیگ (ن) کے بہتر تشخص کو اجاگر کریں، سندھ میں بھی ن لیگ کو موقع دیا جائے، سندھ میں شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، سندھ میں مسلم لیگ (ن) کو اہمیت دی جانی چاہیے اور ان کے مسائل حل کیے جانے چاہئیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ 30 دسمبر کو مسلم لیگ (ن) کا یومِ تاسیس ہے، یومِ تاسیس بھرپور انداز میں منائیں، یومِ تاسیس پر ثابت کریں کہ سندھ میں بھی مسلم لیگ (ن) مضبوط جماعت ہے، کراچی کے لیے ن لیگ کی بے شمار خدمات ہیں، کراچی کا امن بحال کر کے مسلم لیگ (ن) کے قائد نے وعدہ پورا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
