مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط ہوں گے یا تحریک چلے گی؟ اہم اجلاس کل ہوگا
اسلام آباد: مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط ہوں گے یا تحریک چلے گی؟ اس حوالے سے تمام مسالک کے مدارس کی مشترکہ تنظیم اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ پاکستان کا اہم ترین اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔
اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ پاکستان کا سربراہی اجلاس کل بعد نماز مغرب اسلام آباد میں جامع مسجد عثمان غنی میں ہوگا جس میں امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ کے اجلاس میں صدر مملکت کی طرف سے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخطوں سے انکار کی وجوہات پر غور کیا جائے گا اور مولانا فضل الرحمان حکومت کی طرف سے نئے بل میں مجوزہ ترامیم کا مسودہ پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ حکومتی تجاویز کو قبول کرنے، نہ کرنے یا نئی ترامیم دینے پر اپنا لائحہ عمل سامنے لائے گا جبکہ اتحاد تنظیمات المدارس پہلے سے منظور کیے گئے بل پر ہی دستخطوں کا مطالبہ بھی کرسکتی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت پہلے ہی تجاویز پر علماء کے متفق ہونے کی صورت میں 17 دسمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا عندیہ دے چکی ہے، تاہم حکومت نے مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر اجلاس 17 دسمبر تک مؤخر کیا ہے۔
اتحاد تنظیمات المدارس کا اجلاس سوموار جبکہ وفاق المدارس کا اجلاس منگل کو ہوگا، اتحاد تنظیمات کے اجلاس کی روشنی میں وفاق المدارس العربیہ تحریک یا حکومتی ترامیم کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
