پاکستان کی برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے خلاف نسل پرستی پر مبنی بیانات کے رجحان پر گہری تشویش
اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے خلاف نسل پرستی پر مبنی بیانات کے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کردیا۔
برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے خلاف نسل پرستی پر مبنی بیانات کے رجحان پر ترجمان دفتر خارجہ کا بیان سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی گرمجوشی، خیرسگالی، مضبوط تعاون اور اعتماد پر مبنی ہے۔ دہائیوں سے پروان چڑھنے والے تعلق کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک برطانیہ گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات تجارت و سرمایہ کاری اور تعلیم جیسے شعبوں پر مشتمل ہیں۔ دو طرفہ تعلقات سلامتی، انسداد دہشت گردی، پارلیمانی تعاون اور عوامی رابطوں جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 17 لاکھ نفوس پر مشتمل برطانوی- پاکستانی کمیونٹی سب سے مضبوط رشتہ فراہم کرتی ہے۔ نرطانیہ میں بڑھتے ہوئے نسل پرستانہ اور اسلاموفوبک سیاسی اور میڈیا بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نسل پرستانہ بیانات چند افراد کے قابل مذمت اعمال کو 17 لاکھ برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں نے برطانیہ کی ترقی، خوشحالی اور آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے بے شمار مسلم فوجیوں نے برٹش انڈین آرمی میں خدمات انجام دیں جب کہ مسلمان سپاہیوں نے عالمی جنگوں میں جمہوریت کے مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
ترجمان نے بتایا کہ آج برطانوی پاکستانی برطانیہ کے صحت، ریٹیل اور خدمات کے شعبوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور بہت سے برطانوی پاکستانی اعلیٰ عوامی عہدوں پر فائز ہیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں پاکستانی رکن پارلیمنٹ، میئرز، کونسلرز اور مقامی پولیس سمیت میونسپل خدمات کے اراکین کے طور پر اپنی کمیونٹیز کی خدمت کرتے ہیں جب کہ برطانوی پاکستانی کھیلوں اور فنون میں نمایاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد کمیونٹی کے پکوان اور موسیقی برطانوی ثقافت کو مالا مال کرتے ہیں، ایسی بڑی اور متنوع کمیونٹی کو چند افراد کے اعمال کی بنیاد پر بدنام کرنا قابل مذمت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
