
بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات پر پاکستان کا شدید ردعمل
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع اور چیف آف آرمی اسٹاف کے بیانات کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر کا حتمی اسٹیٹس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق طے ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا تصفیہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہوگا۔ بھارت کے پاس آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی سرزمین کے حوالے سے فرضی دعوے کرنے کا کوئی قانونی اخلاقی جواز نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جبر و استبداد سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت اور جدوجہد کو دبانے کے لیے ہیں جب کہ اس نوعیت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن اور استحکام کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے، بھارت بیرونی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگ، بغاوت اور ریاستی دہشت گردی پھیلانے جیسے ثابت شدہ اقدامات پر نظر دوڑائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News