
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں کراچی پولیس آفس (KPO) میں کرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز ٹریفک سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک نے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کی موجودہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں رواں سال کے دوران جرائم کی شرح، امن و امان کی صورتحال اور ٹریفک حادثات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مؤثر کارروائیاں تیز کرنے اور اہم مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ میں مزید اضافہ کیا جائے، جبکہ ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
مزید برآں، پولیس چیف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور شہریوں کی سہولت کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
اجلاس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پولیس کے کردار کو مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
پولیس چیف نے ہدایت دی کہ تمام افسران اور اہلکار اپنے فرائض پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News