
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت کیلئے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے قائدِ عوام بھٹو شہید کو ان کی 97 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک دوراندیش لیڈر اور جدید پاکستان کے معمار تھے، قائدِ عوام کی میراث آج بھی پاکستان کو ایک مضبوط اور مساوی معاشرے کی تعمیر کی راہ دکھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام نے اپنی زندگی عوام کو بااختیار بنانے اور ایک ترقی پسند و خود مختار ملک بنانے کے لیے وقف کر دی تھی، بھٹو شہید کی جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی، قائد عوام نے انقلابی اصلاحات کے ذریعے مزدور طبقے اور پسماندہ طبقات کو حقوق دیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو نے مزدور حقوق، زرعی اصلاحات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی پالیسیوں کے ذریعے عوام کو بااختیار بنایا، ان کا کامل یقین تھا کہ کسی قوم کی طاقت کا اصل سرچشمہ اس کے عوام ہوتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انہوں نے انتھک محنت کی، قائدِ عوام کی صنعتی اور تعلیمی ترقی میں گرانقدر خدمات بے مثال ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اسٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی مکینیکل کمپلیکس اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جیسے ادارے قائدِ عوام کے تحفے ہیں، ملک بھر میں کئی بڑے صنعتی، تجارتی اور تعلیمی اداروں کے قیام کا سہرا شہید بھٹو کے سر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ہر شہری کو پاسپورٹ کا حق دیا، جس کی بدولت لاکھوں افراد نے خلیجی ممالک سمیت بیرونِ ممالک روزگار حاصل کیا، پاسپورٹ کے اقدام نے بے شمار خاندانوں کی زندگی بدل دی اور معیشت کو تقویت دی، پاسپورٹ اقدام کی وجہ سے صرف خیبر پختونخوا کے 35,000 سے زائد مزدور وں کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں روزگار مِلا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدِ عوام کا پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے میں کردار کلیدی ہے، شہید بھٹو کی جوہری پالیسی نے قوم کو اسٹریٹجک خودمختاری فراہم کی، یہ شہید بھٹو کی غیر معمولی قیادت کا مظہر ہے کہ 90,000 جنگی قیدیوں کی بھارت سے باوقار رہائی ممکن ہوئی۔
انکا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کا شاہکار ہے، شہید بھٹو کا دیے ہوئے آئین نے ملک کی جمہوری بنیاد رکھی اور یہ آج بھی اتحاد اور انصاف کا مینار ہے، ان کی خارجہ پالیسی کا ثمر تھا کہ 1974 کی اسلامی سربراہی کانفرنس نے مسلم ممالک کو متحد کیا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم بھٹو شہید کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کے عالمی اثر و رسوخ کو بلند کیا۔ شہید بھٹو کی مظلوم اقوام کی وکالت اور انصاف کے لیے عزم دنیا بھر میں ان کے عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات پر ہم سختی سے کاربند رہیں گے، ہم قائدِ عوام کی سالگرہ کے موقع پر یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے، ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جو فکرِ بھٹو کے تحت مساوات، سربلندی اور خوشحالی پر مبنی ہو، ہم قائدِ عوام کے خوابوں کے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News