
پاکستان کے تعلیمی نظام میں یونیورسٹی آف لندن کا اہم کردار رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں یونیورسٹی آف لندن کا اہم کردار رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے یونیورسٹی آف لندن کے المنائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن کے المنائی سے ملاقات باعث مسرت ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن سے بطور ٹیوٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا، پاکستان میں قانون کی تعلیم کا معیار بلند کرنے میں یونیورسٹی آف لندن نے اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی زیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے لیے انمول شراکت داری پر یونیورسٹی آف لندن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یونیورسٹی آف لندن سے سند یافتہ افراد آج ملک کے اہم شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور قانون کے شعبے میں ان کا کلیدی کردار ہے، یونیورسٹی آف لندن کے المنائی کا نیٹ ورک گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل ترقی کر رہا ہے اور امید ہے کہ یہ مستقبل میں بھی ترقی کی منازل طے کرے گا۔
وفاقی زیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور عظیم مفکر و فلسفی شاعر علامہ محمد اقبالؒ نے برطانیہ کے عظیم الشان ادارے ”لنکنز ان“ سے تعلیم حاصل کی، ان دونوں عظیم شخصیات نے اپنی قانونی مہارت اور سیاسی بصیرت کے ذریعے پاکستان کے قیام اور اس کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے روٹس اسکول سسٹم کی سی ای او ڈاکٹر خدیجہ کو شعبہ تعلیم میں نمایاں خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین لیڈرز کا آگے آنا حوصلہ افزاءہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو زندگی کے آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یونیورسٹی آف لندن کی خواتین گریجویٹس کی تعداد میں اضافہ دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن کا تعلیمی نظام سیکھنے کا بہترین تجربہ فراہم کرتا ہے جس سے طالب علموں کو پیشہ ورانہ میدان میں کامیاب ہونے میں مدد ملتی ہے، یونیورسٹی آف لندن کے تمام عظیم پروفیسرز اور اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News