
بلوچستان میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام؛ 2 سپاہی شہید، 5 دہشت گرد جہنم واصل
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دہشت گردوں کا حملہ بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جب کہ اس دوران 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے چوکی میں گھسنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا جب کہ ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے لدی گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بڑی بہادری اور بے جگری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں دو خودکش حملہ آوروں سمیت 5 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 2 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ شہداء میں نائیک ظاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ شہید نائک طاہر خان کی عمر 39 سال تعلق ضلع ٹانک سے تھا جب کہ شہید لانس نائیک طاہر اقبال کی عمر 26 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا۔ دونوں شہداء نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا عظیم نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر شہداء کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News