بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر جماعت اسلامی سراپا احتجاج
کراچی: آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر جماعت اسلامی سراپا احتجاج ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر کراچی کے 14 مقامات پر مظاہرہ کیا جارہا ہے جب کہ جماعت اسلامی کراچی کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ شاہین کمپلیکس آئی آئی چندریگر روڈ پر منعقد کیا گیا ہے۔
احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا خطاب
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم پورے پاکستان میں آئی پی پیز کے خلاف احتجاج ہورہا ہے جب کہ کراچی میں 14 سے زائد مقامات پر لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرے حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ہورہے ہیں، کے الیکٹرک بہت بڑا مافیا ہے اور کے الیکٹرک کو 19 سال قبل پرویز مشرف کے دور میں کھمبوں کے بدلے پرائویٹائز کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک چور ہے جو تار چوری کرتے ہیں، شہر بھر میں گھنٹوں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جب کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ معمول بن گیا ہے۔
جماعت اسلامی نے پنڈی میں دھرنا دیا تو معاہدے پر آگئے
امیر جماعت اسلامی کراچی کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کیا تو کہتے تھے کے آئی پی پیز پر بات ہی نہیں کرو، جماعت اسلامی نے پنڈی میں دھرنا دیا تو معاہدے پر آگئے۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ گیارہ سو ارب روپے کا فائدہ عوام کو منتقل کیوں نہیں کیا گیا، یہ کہتے ہیں آئی پی پیز سے معاہدہ ہوگیا لیکن اس معاہدے کے ثمرات عوام کو منتقل کیوں نہیں کررہے جب کہ کے الیکٹرک لوگوں کا خون پی رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کے الیکٹرک کو پرائویٹائز کیا گیا تھا تو صارفین 18 لاکھ تھے اور اب 35 لاکھ ہوگئے جب کہ کے الیکٹرک بجلی کی جنریشن نہیں کررہی بلکہ جنریشن مزید کم ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
