
گلگت بلتستان پاکستان ہے اور ہمیشہ رہے گا؛ وزیر داخلہ گلگت بلتستان کا بھارت کو پیغام
گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان ہے اور ہمیشہ پاکستان کا ہی رہے گا۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون اور ترجمان حکومت فیض اللہ فراق نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس دوران شمس الحق لون نے کہا کہ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، گلگت بلتستان پاکستان ہے اور ہمیشہ پاکستان کا ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اور ڈیفنس منسٹر کا بیان ناقابل قبول ہے، گلگت بلتستان کے عوام بھارتی عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام کا پاکستان کے ساتھ کلمے اور ایمان کا رشتہ ہے اور اسے کوئی نہیں توڑ نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے ہیروز کارگل اور نشان حیدر کا حصہ ہیں، بھارت کو حقیقت تسلیم کرنی ہوگی۔ 1947 میں گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی سرزمین خود آزاد کروائی اور پاکستان کا حصہ بنایا۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان کہتے ہیں کہ سیاچن سے خنجراب تک گلگت بلتستان کے عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔ بھارتی حکمران خواب دیکھنا چھوڑ دیں، گلگت بلتستان کا ہر بچہ مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
شمس الحق لون نے کہا کہ بھارتی دعوے تاریخی حقائق کے خلاف اور قابل مذمت ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام نے قربانیاں دے کر یہ زمین آزاد کی اور اسے پاکستان کا حصہ بنا دیا۔ بھارتی دفاعی وزراء کے بیانات گلگت بلتستان کی حقیقت کو جھٹلانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان کو گلگت بلتستان کے ہر بچے کی خون کی بھی ضرورت پڑے تو ہم تیار ہیں، ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا نظریاتی حصہ ہے جب کہ بھارتی دعوے تاریخی حقائق کے منافی ہیں۔ بھارت کے بیانات پر شدید مذمت کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام پاکستان سے مکمل وفادار ہیں۔
فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں گلگت بلتستان کے عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں، گلگت بلتستان کی آزادی نظریاتی کمٹمنٹ اور قربانیوں کا ثمر ہے، بھارتی سازشیں ترک کریں کیونکہ گلگت بلتستان کا ہر بچہ مادر وطن کا محافظ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ڈیجیٹل میڈیا وار اور جھوٹے اکاؤنٹس کے ذریعے پروپیگنڈا بے نقاب ہوچکی ہیں جب کہ کلبھوشن نیٹ ورک اور بھارتی سازشیں عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1947 میں گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج کا خاتمہ کرکے اپنی زمین کو آزاد کرایا اور گلگت بلتستان کے لوگ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فیض اللہ فراق نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان اور سول سوسائٹی نے دشمن کی سازشوں کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے، بھارتی آرمی چیف اور وزیر دفاع کے جھوٹے بیانات کا بھرپور جواب دیا جائے گا جب کہ پاکستان کے شہداء کی قربانیاں انڈین سازشوں کو بے سود کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News