
آرمی چیف نے حب الوطنی اور محنت کے ساتھ معاشی سفر میں کردار ادا کیا، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے حب الوطنی اور محنت کے ساتھ معاشی سفر میں کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آرمی چیف جنر ل عاصم منیر پاکستان کو ترقی کے سفر پر لے کر گئے جب کہ آرمی چیف نے حب الوطنی اور محنت کے ساتھ معاشی سفر میں کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار والے پاکستان کے دشمن ہیں، تحریک انتشار والے شہدا کی بے حرمتی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ 9 مئی پر کمیشن بناؤ جب کہ تمہاری تو کرتوتیں پوری قوم دیکھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر دنیا پاکستان کی تعریف کرتی ہے اور تمام حلقوں میں دیکھ لیں کام ہوتے نظر آئیں گے جب کہ پہلے سال یہ عالم ہے اور 5 سال بعد حلقے کی شکل بدلی ہوگی۔
وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ ایک سال میں شہباز شریف نے معیشت کو پروان چڑھایا، دنیا کے مالیاتی ادارے اعتراف کررہے ہیں کہ مہنگائی کم ہوگئی، شرح سود نیچے گئی، اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ بدبخت ہمارے نہیں پاکستان کے مخالف ہیں، یہ شرط لگاتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے لیکن حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے۔ مجھے کوئی ملال نہیں، اپنی یوتھ کی ٹیم پر فخر ہے اور حلقے کی عوام کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے لاہورمیں اس طرح کے ساتھی نظر نہیں آئیں گے، میں الیکشن جیت کر بھی آج آپ لوگوں کے درمیان کھڑا ہوں۔ یہ وہ رشتہ نہیں کہ ووٹ مانگنے آجاؤں پھر 5 سال بعد ملاقات کروں، آپ کا بھائی، ساتھی اور دوست بن کر ہمیشہ آپ کے درمیان رہوں گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News